بنگلورو10؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاست بھر میں ہنگامہ کا سبب بننے والی بی ایس پی گنپتی کے معاملے میں سابق ریاستی وزیر کے جے جارج کو کلین چٹ دئے جانے کا قوی امکان ہے۔ گنپتی کی طرف سے منگلور اور بنگلور میں خدمات انجام دئے جانے کے دوران ان کی طرف سے پولیس تھانوں یا اپنے دفتر کی ڈائری میں کسی سینئر آفیسر یا سیاست دان کی طرف سے دباؤ کی بات درج نہیں ہے۔ساتھ ہی کے جے جارج کی طرف سے گنپتی کو ہراساں کئے جانے کے سلسلے میں تحقیقاتی ٹیم کو کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، جس کی وجہ سے اس معاملے کی جانچ میں مصروف سی آئی ڈی نے تحقیقات سے جارج کا نام خارج کرنے کی پہل کردی ہے۔ ہر سرکاری آفیسر کو محکمہ کی طرف سے یہ ایک ڈیری دی جاتی ہے جس میں انہیں یہ درج کرنا پڑتا ہے کہ انہیں کسی اعلیٰ افسر یا سیاست دان سے ہراسانی کا سامنا ہے یا نہیں۔ 1994 سے 2016 تک کی خدمات کے دوران گنپتی کے پاس بھی اس طرح کی ڈیری محکمہ نے دے رکھی تھی۔اس ڈائری میں گنپتی نے کہیں بھی کے جے جارج اور دو سینئر پولیس افسران اے ایم پرساد یا پرنب موہنتی کی طرف سے ہراسانی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا ہے۔ اپنی خود کشی سے قبل ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے گنپتی نے جارج اور ان دو افسران کا نام لیاتھا، اس کے علاوہ تحقیقاتی ٹیم کو کوئی سراغ نہیں ملا۔اس ضمن میں سی آئی ڈی مزید دستاویزات کی جانچ کے بعد امکان ہے کہ جلد ہی جارج کوکلین چٹ دے دے گی۔